5 نومبر کو مسلح حملے میں شدید زخمی ہونے والے اہلکار نے 9 نومبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہید کا تعلق کوہاٹ سے تھا، آزاد کشمیر پولیس کا اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت۔
راولاکوٹ (الفجر آن لائن): آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں 5 نومبر کو پولیس چوکی پر مسلح حملے کے دوران زخمی ہونے والے سندھ رینجرز کے نائک بوستان خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 9 نومبر کو شہید ہوگئے۔ شہید اہلکار کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا اور وہ آزاد جموں و کشمیر پولیس کی درخواست پر علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور پولیس کی معاونت کے لیے تعینات تھے۔ ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق 5 نومبر کو راولاکوٹ میں کالعدم تنظیم سے منسوب مسلح عناصر نے پولیس چوکی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں سندھ رینجرز کے نائک بوستان خان شدید زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ چار روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد 9 نومبر کو شہید ہوگئے۔ آزاد کشمیر پولیس نے نائک بوستان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے قیمتی جانوں کی قربانیاں بھی دے رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کی آڑ میں مسلح تشدد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کے واقعات خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر پولیس نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پولیس فورس اس مشکل گھڑی میں خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے حملے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور عوام کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور قانون کی عمل داری کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ حکام کے مطابق حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ نائک بوستان خان کی شہادت نے ایک بار پھر امن و استحکام کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو اجاگر کیا ہے۔

