چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا مٹھی، بدین اور عمرکوٹ کا دورہ، اضافی موبائل رجسٹریشن وین مختص کرنے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے اضافی مالی امداد کی فراہمی کے معاملے پر صدر اور وزیراعظم سے بات کرنے کا اعلان۔
مٹھی (الفجر آن لائن): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے بی آئی ایس پی سندھ حکومت کو اپنا ڈیٹا بیس اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکر کو خشک سالی سے متاثرہ آفت زدہ علاقہ قرار دیے جانے کے بعد سینیٹر روبینہ خالد نے اسی روز ضلع تھرپارکر پہنچ کر مٹھی، بدین اور عمرکوٹ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں بی آئی ایس پی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بی آئی ایس پی کے ڈیٹا بیس سے استفادہ کرے گی اور ادارہ اس مقصد کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک موبائل رجسٹریشن وین تھر اور ایک عمرکوٹ میں سروے اور رجسٹریشن کے عمل میں معاونت کر رہی ہے، جبکہ تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں کے لیے ایک اضافی موبائل رجسٹریشن وین بھی مختص کی جائے گی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے لیے اضافی مالی امداد کی فراہمی کے حوالے سے صدرِ پاکستان اور وزیراعظم سے بھی بات کریں گی۔
انہوں نے امدادی رقوم کی شفاف تقسیم اور مستحقین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مستحقین کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں اور چھ بینکوں کے ذریعے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی رقوم سے ناجائز کٹوتیاں کرنے اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی ثناء اللہ رند نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں سروے اور رجسٹریشن کے دفاتر فعال ہیں۔ ضلع میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 26 ہزار ہے، جبکہ وسیلہ پروگرام کے تحت مالی معاونت حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 52 ہزار ہے۔ قبل ازیں سینیٹر روبینہ خالد نے ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں خشک سالی کی صورتحال، امدادی رقوم میں ناجائز کٹوتیوں، ڈیوائس ہولڈرز سے متعلق شکایات اور دیگر انتظامی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شمیر خان بھٹو، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ضلعی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں، ڈی جی سندھ ثناء اللہ رند، بی آئی ایس پی کنسلٹنٹ نوید خان اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

