امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہر مسئلے کا سفارتی حل چاہتے ہیں، ایران کے بعض مطالبات غیر معقول اور ناقابل قبول ہیں، دونوں ممالک مذاکرات میں کسی بڑی پیش رفت کے قریب نہیں۔
واشنگٹن (الفجر آن لائن): امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ناقابل قبول مطالبات تسلیم نہیں کرے گا، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہر مسئلے کا سفارتی حل تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں فی الحال کسی بڑی پیش رفت کے امکانات نظر نہیں آ رہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مارکو روبیو نے صدر ٹرمپ کے مشکل اور متنازع معاملات پر کیے گئے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات درست قدم اٹھانا ضروری ہوتا ہے، خواہ وہ عوام میں مقبول ہو یا نہ ہو۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایسے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کی ہے جنہیں سابق امریکی حکومتیں حل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ سفارتی حل کا کوئی راستہ ممکن ہوا تو امریکا اسے ضرور آزمائے گا، تاہم ایران کے بعض مطالبات غیر معقول اور زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں دونوں ممالک کسی بریک تھرو کے قریب نہیں ہیں۔ مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو تباہ کن ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف کارروائی کسی سیاسی فائدے کے لیے نہیں کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں ان مخصوص معاملات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں جنہیں سابق حکومتوں کی ناکامی قرار دیا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی، بالخصوص ایران کے حوالے سے امریکی اقدامات اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے مستقبل پر بحث جاری ہے۔

