جہانگیرہ کے علاقے پیتاؤ پایان خوڑ میں رات گئے موٹرسائیکل سوار شاپنگ بیگ پھینک کر فرار، مقامی افراد کے مطابق پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود کارروائی نہ ہو سکی، اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تدفین کر دی۔
نوشہرہ (الفجر آن لائن): نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ کے پیتاؤ پایان خوڑ میں نومولود بچے کی لاش شاپنگ بیگ سے برآمد ہونے پر علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔ مقامی افراد کے مطابق رات گئے ایک نامعلوم موٹرسائیکل سوار شاپنگ بیگ پھینک کر موقع سے فرار ہوگیا۔ بعدازاں بیگ کھولنے پر اس میں نومولود بچے کی لاش موجود تھی، جس کی عمر چند گھنٹے بتائی جا رہی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق بچے کی موت سردی کی شدت کے باعث ہوئی۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی، تاہم پولیس مبینہ طور پر جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی، جس کے باعث قانونی کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی۔ مقامی ذرائع کے مطابق بعدازاں اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت نومولود بچے کی تدفین کر دی۔ واقعے نے علاقے میں نومولود بچوں کے تحفظ اور متعلقہ حکام کی ذمہ داریوں کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے۔

