ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں سرکاری اپیل منظور، عدالت کا مجرم کی فوری گرفتاری کے لیے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا حکم۔
کوئٹہ (الفجر آن لائن): بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف سرکار کی جانب سے دائر اپیل منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور انہیں 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت عالیہ بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج سادس، ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ ٹو کوئٹہ کے 4 ستمبر 2020 کے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے عبدالمجید اچکزئی کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔
مقدمے کے مطابق عبدالمجید اچکزئی نے تیز رفتاری، غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے دورانِ ڈیوٹی ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کو گاڑی سے کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ عدالت نے مجرم کو 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنانے کے ساتھ مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ مزید برآں عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج سادس کوئٹہ کو ہدایت کی ہے کہ زیرِ ضمانت مجرم عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری اور سزا پر عمل درآمد کے لیے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ وارنٹ گرفتاری پر قانون کے مطابق فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

