مقتولہ کے بھائی نے ابتدائی مقدمہ واپس لیتے ہوئے واقعے کو ناگہانی حادثہ قرار دے دیا، پولیس نے حادثے سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دیں۔
راولپنڈی (الفجر آن لائن): راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جنہیں گزشتہ روز گھر میں فائرنگ کے واقعے میں جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ دوسری جانب واقعے کی تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور مقتولہ کے بھائی نے اپنا ابتدائی درج کردہ مقدمہ واپس لیتے ہوئے واقعے کو قتل کے بجائے ایک ناگہانی حادثہ قرار دے دیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر مقدمہ انہوں نے درج کروایا تھا، تاہم اب وہ اپنا مقدمہ واپس لے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ ان کے بہنوئی احسن نے قتل کی نیت سے فائرنگ نہیں کی تھی اور میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی، جھگڑا یا رنجش بھی موجود نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت گھر میں ان کی بہن، والدہ، دو بھانجیاں اور ایک ملازم بھی موجود تھے۔ بھائی کے نئے بیان کے بعد راولپنڈی پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھتے ہوئے حادثے کے امکان کو بھی تحقیقات کا حصہ بنا لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گولی ربیعہ احسن کی گردن کے نچلے حصے پر لگی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق ربیعہ احسن کی احسن سے شادی 14 سال قبل ہوئی تھی، جبکہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان ازدواجی تعلقات خوشگوار تھے اور کوئی اختلافات نہیں تھے۔ واقعے کی اصل وجوہات اور حالات کا تعین پولیس کی جاری تحقیقات کے بعد ہی ہو سکے گا۔

