سعودی وفد کی کارگو سروسز، ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹرانس شپمنٹ اور مجوزہ ایل این جی و ایل پی جی ٹرمینلز میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال، چیئرمین سعودی پاکستانی بزنس کونسل شہزادہ منصور آل سعود جلد گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے۔
کراچی (الفجر آن لائن): سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے وفد کو گوادر بندرگاہ کی تجارتی استعداد، آپریشنل صلاحیتوں اور خطے میں اس کی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سعودی کاروباری وفد نے گوادر پورٹ کی تجارتی اور آپریشنل صلاحیتوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کارگو سروسز، ٹرانزٹ ٹریڈ اور ٹرانس شپمنٹ منصوبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران گوادر بندرگاہ پر مجوزہ ایل این جی اور ایل پی جی انرجی ٹرمینلز میں سعودی سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔ چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے وفد کو بندرگاہ کے جغرافیائی محل وقوع اور اسے خطے کی اہم ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ بنانے کی صلاحیتوں سے آگاہ کیا۔ سعودی وفد نے بالخصوص آبنائے ہرمز سے باہر گوادر پورٹ کی جغرافیائی اور تجارتی اہمیت میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر چیئرمین سعودی پاکستانی بزنس کونسل شہزادہ منصور آل سعود نے گوادر پورٹ کے دورے کی دعوت قبول کر لی اور سعودی کاروباری وفد نے جلد گوادر کا دورہ کرکے وہاں دستیاب تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بحری تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

