رکھ بگوٹا گاؤں میں دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ، سعید اور اللہ دتہ موقع پر دم توڑ گئے، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔
لاہور (الفجر آن لائن): لاہور کے علاقے تھانہ ہیر کی حدود میں واقع گاؤں رکھ بگوٹا میں رشتے کے تنازع نے خونی تصادم کی شکل اختیار کر لی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق رشتے کے معاملے پر دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی۔ واقعے کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں سعید اور اللہ دتہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد آپس میں رشتہ دار تھے اور ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے کی وجہ رشتے کا تنازع بنی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ایس پی کینٹ بھی فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے۔ ایس پی کینٹ کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

