ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے سبجیکٹ کمیٹی اجلاس میں 48 پی ایچ ڈی شعبہ جات کے امتحانی خاکوں کو حتمی شکل دے دی گئی، ٹیسٹ ملک بھر میں پی ایچ ڈی داخلوں کے لیے لازمی ہوگا۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن): ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی) کے زیر اہتمام ایپٹی ٹیوڈ اینڈ اچیومنٹ ٹیسٹ 2026 (HAT) کی سبجیکٹ کمیٹیوں کے فیز ون کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز اختر اور مختلف سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 48 پی ایچ ڈی شعبہ جات کے امتحانی خاکوں کو حتمی شکل دی گئی۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل نے مئی 2026 میں اس ٹیسٹ پر کام کا آغاز کیا تھا اور اب 48 سبجیکٹ کمیٹیوں کے ماہرینِ مضمون کے ساتھ مل کر شعبہ جاتی ٹیسٹ اور ٹیبلز آف سپیسی فیکیشنز تیار کیے جا رہے ہیں، تاکہ امتحانی نظام موجودہ تعلیمی مواد اور گریجویٹ سطح کی تحقیقی ضروریات کی درست عکاسی کر سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز اختر نے کہا کہ گریجویٹ داخلوں، بالخصوص پی ایچ ڈی پروگراموں کے لیے معیاری، شفاف اور میرٹ پر مبنی تشخیصی نظام ناگزیر ہے۔ ملک بھر میں تحقیقی صلاحیتوں کے حامل طلبہ کی شناخت اور ان کی سرپرستی کے لیے یکساں قومی معیار قائم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ای ٹی سی ڈاکٹر محمد امتیاز حیدر نے HAT پروگرام کے مقاصد اور اس پر عمل درآمد کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ٹیسٹ کی تیاری کے لیے 89 مضامین کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور یہ امتحان پورے پاکستان میں پی ایچ ڈی داخلوں کے لیے لازمی ہوگا۔ سرٹیفیکیشن کے تحقیقی مرکز (RCEC)، سیٹو (Cito) نیدرلینڈز کے ڈائریکٹر اور بین الاقوامی اسیسمنٹ ماہر ڈاکٹر آرنلڈ جے بروور نے بھی قومی سطح پر معیاری گریجویٹ داخلہ ٹیسٹنگ کی اہمیت اور ملکی تشخیصی نظام کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ اجلاس میں مختلف جامعات کے فیکلٹی ممبران نے ٹیسٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز اور مشاہدات پیش کیے، جن کی روشنی میں 48 پی ایچ ڈی شعبہ جات کے امتحانی خاکوں کو حتمی شکل دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکا میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

