کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین میں بم کی اطلاع پر مسافروں میں خوف و ہراس اور بھگدڑ؛ سکیورٹی اداروں نے تمام بوگیوں کی تلاشی کے بعد ٹرین کو کلیئر قرار دے دیا۔
رحیم یار خان (الفجر آن لائن) کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین خیبر میل میں بم رکھے جانے کی اطلاع پر خان پور ریلوے اسٹیشن پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، جبکہ مسافروں میں خوف و ہراس پھیلنے کے باعث بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اور سکیورٹی اداروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ٹرین کو خان پور ریلوے اسٹیشن پر روک لیا اور اس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ٹرین کی تمام بوگیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی اور سرچ آپریشن کیا۔
تلاشی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹرین کو سکیورٹی کلیئرنس دے دی گئی، جس کے بعد خیبر میل کو پشاور کے لیے اپنے اگلے سفر پر روانہ کر دیا گیا۔

