وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کا عزم
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے قریب قومی شاہراہ این 25 پر کنڈوا پوسٹ کے نزدیک بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ واقعے میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ دو شہری جاں بحق ہوئے۔
12 نومبر کو جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈوا پوسٹ کے قریب بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کو ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے اس واقعے میں دو شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کا بلوچستان کے عوام، ان کی روایات اور اقدار سے کوئی تعلق نہیں۔ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور ترقی کا راستہ روکنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے قیام کے لیے حکومتی کوششیں جاری رہیں گی اور صوبے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے گا۔

