تھانہ نصیر آباد کی حدود میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ، مقتولین کی شناخت 40 سالہ امریز اور ان کے بیٹے اول خان کے نام سے ہوئی
راولپنڈی (الفجرآن لائن) تھانہ نصیر آباد کے علاقے ڈھوک گجراں میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے کو قتل کر دیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ امریز اور ان کے بیٹے اول خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول امریز تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے رہنما زرخان کے بھائی تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی پوٹھوہار پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ پولیس نے دونوں مقتولین کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیں۔
دوسری جانب سی پی او راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم قتل کی واردات کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے اور تحقیقات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

