مستونگ میں بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے بڑا دہشتگرد حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاکواقعے میں دو شہری شہید، متعدد زخمی، دھماکے سے قریبی مکانات اور مسجد کو بھی نقصان پہنچا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند
کوئٹہ (الفجرآن لائن) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند نے کہا ہے کہ مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈوا پوسٹ کے قریب بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔12 نومبر 2026 کو جاری بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے بڑے حملے کی بزدلانہ کوشش کی، تاہم مستعد سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں دو شہری شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔شاہد رند نے شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے والے عناصر کا بلوچستان کے عوام اور ان کی روایات سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ان کے مذموم عزائم اور عوام دشمن کردار کا ثبوت ہیں۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشتگردوں کے بڑے حملے کے منصوبے کو ناکام بنا کر عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری مؤثر انداز میں انجام دی۔معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تحسین ہیں۔ حکومت بلوچستان صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

