شادی اور گھر کے فرنیچر کے لیے الگ الگ 30 ہزار درہم امداد دینے کا اعلان، ماہانہ 50 ہزار درہم سے کم تنخواہ والے شہری بھی اہل قرار
شارجہ (الفجرآن لائن) متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شہریوں کے لیے شادی اور گھر کے فرنیچر کی مد میں دی جانے والی سرکاری مالی امداد میں اضافہ کردیا ہے۔ نئے حکم کے تحت شادی اور فرنیچر کی دونوں گرانٹس کی رقم بڑھا کر الگ الگ 30 ہزار درہم مقرر کردی گئی ہے۔
اماراتی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق شارجہ کے حکمران کی جانب سے جاری کردہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوگئے ہیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہری خاندانوں کو شادی اور نیا گھر بسانے کے ابتدائی اخراجات پورے کرنے میں مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
شارجہ کے حکمران نے شادی اور فرنیچر گرانٹس کے حصول کے لیے تنخواہ سے متعلق اہلیت کے معیار میں بھی تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔ نئے ضابطے کے تحت اب ایسے درخواست گزار بھی سرکاری امداد حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جن کی ماہانہ تنخواہ 50 ہزار درہم سے کم ہے۔
وام کے مطابق تنخواہ کی حد میں تبدیلی کا فیصلہ شارجہ حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ نئی تنخواہوں کے مطابق شہریوں کے لیے مالی امداد کی اہلیت کا معیار بھی برقرار رکھا جاسکے۔
شارجہ حکومت کے مطابق شادی اور فرنیچر گرانٹس میں اضافے کا مقصد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کے باعث شہری خاندانوں پر پڑنے والے مالی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ اس مالی معاونت سے مستحق خاندانوں کو شادی کے اخراجات اور گھر کے ضروری فرنیچر کی خریداری میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق یہ امداد شارجہ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے رہائشی معاونت کے اہل افراد کو فراہم کی جائے گی، جس سے نئے خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے اور ان کے معاشی استحکام کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

