موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے محض اعلانات کے بجائے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں، کوپ 31 کانفرنس سے خطاب
انطالیہ (الفجرآن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے اور موسمیاتی آفات کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے محض اعلانات کے بجائے ٹھوس اقدامات کرے۔
انطالیہ میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترقی پذیر اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لیے گرانٹس پر مبنی مالی معاونت اور ماحولیاتی بحالی کے فنڈز میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو بروقت مالی وسائل اور مؤثر معاونت فراہم کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کو ایسی مالی مدد درکار ہے جو انہیں مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کے بجائے بحالی اور تعمیر نو کے قابل بنائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سمیت گرانٹس پر مبنی فنانسنگ کے فروغ اور ماحولیاتی لچک و مطابقت کے فنڈز میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کرتا ہے۔ بالخصوص کمزور معیشتوں کے لیے یہ فنڈز موسمیاتی خطرات سے تحفظ، بحالی اور بقا میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں صاف اور متبادل توانائی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا تقریباً 55 فیصد صاف ذرائع سے پورا کر رہا ہے، جو ملک کی توانائی منتقلی کی جانب پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے خبردار کیا کہ انفرادی ممالک کی کوششیں اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے منصفانہ، متوازن اور مشترکہ عالمی ردعمل ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ کوپ 31 عالمی سربراہی کانفرنس میں تقریباً 200 ممالک کے مندوبین شریک ہیں، جہاں کم کاربن اخراج والے مستقبل کی جانب منتقلی، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے حوالے سے عالمی کوششوں کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔

