وادی یاسین میں خوفناک ٹریفک حادثہ، مورکہ پل کے قریب مسافر گاڑی بے قابو ہو کر دریا میں جاگری، 10 قیمتی جانیں ضائع، ریسکیو آپریشن جاری، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
غذر (الفجرآن لائن) گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی وادی یاسین میں مورکہ پل کے قریب مسافر گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہو کر دریائے یاسین میں جاگری، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، مقامی رضاکاروں اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر گاڑی مورکہ پل کے قریب بے قابو ہو کر دریائے یاسین میں جاگری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی میں سوار 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔امدادی ذرائع کے مطابق مقامی رضاکاروں نے فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے 10 افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کر دیں۔ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری رہیں تاکہ مزید کسی ممکنہ متاثرہ شخص کی تلاش کی جا سکے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے وادی یاسین میں مسافر گاڑی کے المناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

