ملک میں دیرپا امن، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے علماء کرام کا تعمیری کردار اہم ہے، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اختلافِ رائے کے احترام کو فروغ دینا ہوگا، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (الفجرآن لائن) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی امیر مولانا عبدالحق ثانی کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتِ حال، صوبے میں امن و استحکام، ترقی اور معاشرتی اصلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں مولانا خزیمہ، جمعیت علمائے اسلام (س) کے صوبائی امیر مفتی عبدالواحد بازئی اور مولانا فیض الحق حقانی بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملک اور بالخصوص بلوچستان میں سیاسی استحکام، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے لیے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ سیاست کا ایک بنیادی اصول ہے کہ سیاسی میدان میں کوئی خلا باقی نہیں رہتا۔ اہلِ سیاست کی اصل دانشمندی یہ ہے کہ کسی بھی خلا کو محض پُر کرنے کے بجائے اسے پہلے سے بہتر، مؤثر اور تعمیری انداز میں پُر کیا جائے تاکہ اصلاح، فلاح اور اجتماعی ترقی کی نئی راہیں متعین کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دیرپا امن، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے علماء کرام کا عوام دوست اور تعمیری کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ علماء کرام معاشرے میں وسیع سماجی اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور مذہبی و اخلاقی رہنمائی کے ذریعے معاشرتی اصلاح میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ علماء کرام عوام میں رواداری، بردباری، اختلافِ رائے کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں برداشت، باہمی احترام اور مثبت مکالمے کو فروغ دے کر امن و استحکام کی بنیادیں مضبوط کی جا سکتی ہیں۔
ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سیاسی و مذہبی قیادت کو اجتماعی مفاد، معاشرتی اصلاح اور عوامی فلاح کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

