فتح جنگ میں معمولی تنازع خونی تصادم میں تبدیل، آئی جی پنجاب عبدالکریم کا نوٹس، آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم
اٹک (الفجرآن لائن) پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں بچوں کی لڑائی پر شروع ہونے والا تنازع شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی جبکہ ڈی پی او اٹک کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ فتح جنگ کی حدود میں بچوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے باعث دو فریقین کے مابین تنازع پیدا ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گیا۔ دونوں گروپوں کی جانب سے فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ سامن، 55 سالہ عامر عزیز اور 36 سالہ صابر کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او اٹک علی بن طارق سمیت سینئر پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس، فرانزک اور انویسٹی گیشن ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی پی او اٹک علی بن طارق کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ڈی پی او اٹک کو ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
واضح رہے کہ آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے بھی تھانہ فتح جنگ کی حدود میں بچوں کی لڑائی کے تنازع پر پیش آنے والے تہرے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی تھی۔

