تین دہشتگردوں کی ہلاکت فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کا ثبوت ہے، دو شہریوں کی شہادت پر دلی افسوس ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈوا پوسٹ کے قریب دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانا فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ جوابی کارروائی میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کرنا فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے واقعے میں دو بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر بلوچستان کی روایات، اقدار اور امن کے دشمن ہیں۔ ایسے عناصر صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے اور ترقی کے سفر کو روکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر داخلہ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

