جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک، دو شہریوں کی شہادت پر افسوس ہے، بلوچستان میں امن و ترقی کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان
کوئٹہ (الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈوا پوسٹ کے قریب دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانا فورسز کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات، مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ جوابی کارروائی میں تین دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی بہادری اور مؤثر کارروائی کا مظہر ہے۔
معاون برائے داخلہ نے واقعے میں دو بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد بلوچستان کی روایات، اقدار اور عوامی امنگوں کے دشمن ہیں۔ دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن اور ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، جبکہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام اور ان کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
معاون برائے داخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہیں گے۔

