سعودی عرب کو دفاعی مقاصد کے لیے فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا انٹرویو
راولپنڈی (الفجرآن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، پاکستان موجودہ حالات میں سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہے۔
عرب اخبار ’’الشرق الاوسط‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو دفاعی مقاصد کے لیے فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے دفاعی تعاون اور معاونت جاری رکھی جائے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی معاونت، مشترکہ فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پہلے سے موجود ہے اور پاکستانی فوجی سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت شروع ہوئی ہے۔ پاکستان نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
علاقائی صورتِ حال اور ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ایران کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ہونے والی ملاقات میں شرکت پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت کا اظہار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، سفارتی کوششوں اور امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

