سالانہ تنخواہ 7 لاکھ 58 ہزار سے بڑھ کر 91 لاکھ 80 ہزار روپے کیسے ہوئی؟ بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد کی رقم، ذرائع آمدن اور اسلام آباد میں مکان کی ملکیت سے متعلق بھی سوالات اٹھا دیے گئے
اسلام آباد (الفجرآن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی آمدن، تنخواہ اور مالی گوشواروں سے متعلق بعض سوالات سامنے آئے ہیں، جن میں ان کی ملازمت، ذرائع آمدن، بینک اکاؤنٹ میں رقوم کی منتقلی اور اسلام آباد میں رہائش گاہ کی ملکیت سے متعلق معاملات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو تنخواہ کی مد میں لاکھوں روپے موصول ہوتے ہیں، تاہم انہیں تنخواہ دینے والے ادارے اور وہاں ان کی پیشہ ورانہ حیثیت کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2024 میں ان کی سالانہ تنخواہ 7 لاکھ 58 ہزار 65 روپے سے بڑھ کر 91 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگئی۔ اس طرح ایک سال کے دوران تنخواہ میں تقریباً 83 لاکھ روپے کا اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں 2021 سے 2023 کے دوران مولانا فضل الرحمان کی آمدن اور اخراجات سے متعلق مالی تفصیلات پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 8 ہزار 456 روپے سے بڑھ کر ایک کروڑ 16 لاکھ 56 ہزار 115 روپے تک رقم کیسے پہنچی اور اس اضافے کے ذرائع کیا تھے؟ اس حوالے سے بینک اسٹیٹمنٹ اور آمدن کے ذرائع کی تفصیلات سے متعلق بھی سوالات سامنے آئے ہیں۔
مزید برآں رپورٹ میں مولانا فضل الرحمان کے فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں مبینہ تضادات کی نشاندہی کرتے ہوئے پوچھا گیا ہے کہ اگر قابلِ ٹیکس آمدن ظاہر نہیں کی گئی تو اخراجات کے لیے استعمال ہونے والی رقوم کے ذرائع کیا تھے۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں واقع ایک قیمتی مکان سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نہ اس مکان کے مالک ہیں اور نہ ہی کرایہ دار کے طور پر ان کا اندراج سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے مکان کے مالک امان اللہ، کرایہ داری کے معاہدے، کرائے کی ادائیگی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں جائیداد یا رہائش سے متعلق تفصیلات کے اندراج پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

