تعلیم، صحت، آبنوشی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال، ورلڈ بینک کی بلوچستان میں ترقیاتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان بولورما امگابازار نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی ترقی، معاشی استحکام اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تعلیم، صحت، آبنوشی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقیاتی تعاون کو وسعت دینے اور صوبے میں جاری و مجوزہ منصوبوں کے لیے شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے بلوچستان میں ترقیاتی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے اہم اہداف میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور نتائج پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے عوامی وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عالمی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا سکے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے کر تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بہتری لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

