کوئٹہ(الفجرآن لائن) اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی بیخ کنی اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جاری کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں بدامنی پھیلانے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں ایک مربوط قومی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں، بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و استحکام کا قیام ہمارا مشترکہ قومی عزم ہے۔

