موساد کے ڈائریکٹر رومن گوفمین کی سی آئی اے سربراہ اور امریکی حکام سے ملاقاتیں متوقع، ٹرمپ اب تک ایران کے خلاف نئی جنگ شروع کرنے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے بحری ناکہ بندی اور اقتصادی دباؤ جاری رکھنے کے حامی ہیں
واشنگٹن (الفجرآن لائن) اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مبینہ دباؤ کے تناظر میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین امریکا پہنچ گئے ہیں۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس (Axios) کے مطابق ان کا دورہ ایران سے متعلق ممکنہ آئندہ حکمت عملی پر ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کے لیے کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے موساد کے ڈائریکٹر رومن گوفمین واشنگٹن میں امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی وائٹ ہاؤس کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے لیے میامی روانگی بھی متوقع ہے۔ تاہم موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے اس دورے اور ملاقاتوں سے متعلق تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
ایگزیوس کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے نیتن یاہو کا دباؤ مسترد کرتے آئے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 5 نومبر کو ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں بھی ایران کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا، تاہم امریکی صدر نے نئی فوجی کارروائی کے بجائے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی اور اقتصادی دباؤ برقرار رکھنے کی حمایت کی۔
دوسری جانب اسرائیل کی داخلی سیاسی صورتحال بھی اس معاملے میں اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد نیتن یاہو پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں جبکہ ان کے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کا مینڈیٹ مل گیا ہے۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں کہ وہ نئی حکومت بنانے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی اپوزیشن کے رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو، گادی آئزنکوٹ کی حکومت سازی کی کوششوں کو ناکام بنانے اور اقتدار برقرار رکھنے کے لیے ایران پر حملے یا ایران کو اسرائیل کے خلاف فوجی کارروائی پر اکسانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ یہ خدشات اسرائیل میں جاری سیاسی کشمکش کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز گادی آئزنکوٹ سے تقریباً دو گھنٹے طویل ملاقات بھی کی، جس میں انہیں ایران کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ تاہم آئزنکوٹ کے ایک قریبی ذریعے کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں موجودہ حالات ایران کے خلاف کسی فوری فوجی کارروائی کا تقاضا نہیں کرتے۔
ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق موساد سربراہ کا دورہ واشنگٹن ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران کے حوالے سے امریکا اور اسرائیل کی حکمت عملی میں اختلافات کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ اسرائیل کی اندرونی سیاسی صورتحال بھی خطے میں آئندہ فیصلوں پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

