پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی منزل بنانا بنیادی ہدف ہے، خام مال کی برآمد کے بجائے ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین ملک میں قائم کرنا چاہتے ہیں، معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانا ضروری ہے، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب
اسلام آباد (الفجرآن لائن) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بے پناہ معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہم سب کا اجتماعی قومی مقصد ہے، جبکہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا بنیادی ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معدنی وسائل کے حوالے سے اپنی صلاحیت کو عملی پیداوار میں تبدیل کرنا ہوگا اور خام مال کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل سے بھرپور معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک کے لیے پائیدار معاشی قدر پیدا کریں اور تمام شراکت داروں کے لیے مشترکہ فوائد کا باعث بنیں۔
کان کنی کے شعبے میں سیکیورٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ معدنیات کے پورے ماحولیاتی نظام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، ترقیاتی منصوبوں اور اس شعبے سے وابستہ تمام افراد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
معدنی پالیسی کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک کے اندر ترقی دینا ہے۔ اس مقصد کے لیے پائیدار اور طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ معدنی وسائل سے حاصل ہونے والی معاشی قدر میں اضافہ کیا جا سکے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معدنیات سے مالا مال علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں ترقی کے واضح اور ٹھوس فوائد نظر آنے چاہئیں۔ مقامی آبادیوں کے معیارِ زندگی میں بہتری معدنی ترقی کے عمل کا لازمی حصہ ہونی چاہیے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے پاکستانی قوم کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام محنتی، دلیر اور پُرعزم ہیں اور ان میں خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ان کے مطابق قدرتی وسائل ملک کے لیے مواقع فراہم کرتے ہیں، تاہم ان مواقع کو کامیابی میں تبدیل کرنے کے لیے عوام کا عزم، محنت اور صلاحیت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو معدنی وسائل کے شعبے میں آگے بڑھانے کے لیے خام مال کی برآمد سے آگے نکل کر مقامی پیداوار، ریفائننگ، مینوفیکچرنگ اور ویلیو ایڈڈ ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

