رکن اسمبلی شاہدہ رف کی جانب سے قرارداد ایوان میں پیش، قرآنِ پاک کے عام الفاظ، بنیادی قواعد اور عربی زبان کی تعلیم نصاب میں شامل کرنے کی سفارش، تربیت یافتہ اساتذہ کی تعیناتی پر بھی زور
کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں صوبے کے تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان کو بطور لازمی مضمون متعارف کرانے سے متعلق قرارداد پیش کر دی گئی۔ قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ سرکاری اسکولوں میں ابتدائی جماعتوں سے ہی بچوں کو بنیادی عربی زبان کی تعلیم فراہم کی جائے تاکہ شہری اور دیہی علاقوں کے طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔
تفصیلات کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رف نے یہ قرارداد صوبائی اسمبلی کے ایوان میں پیش کی، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں بنیادی عربی زبان کی تدریس کو لازمی قرار دیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو ابتدائی تعلیمی مراحل ہی سے عربی زبان سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عربی زبان قرآنِ پاک کی زبان ہے اور ابتدائی سطح پر اس کی تعلیم سے بچوں کو قرآنی آیات کے مفہوم کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے پرائمری نصاب میں عربی کے بنیادی الفاظ، سادہ قواعد اور قرآنِ مجید میں کثرت سے استعمال ہونے والے عام الفاظ کے معانی شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
قرارداد میں صوبائی حکومت سے یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ مجوزہ اقدام پر مؤثر عمل درآمد کے لیے سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان کے تربیت یافتہ اساتذہ کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے مطابق معیاری درسی کتب کی بروقت فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے۔
قرارداد کا مقصد صوبے کے سرکاری اسکولوں میں عربی زبان کی بنیادی تعلیم کو فروغ دینا اور طلبہ کو ابتدائی عمر سے ہی قرآنِ پاک میں استعمال ہونے والی زبان کے الفاظ اور قواعد سے روشناس کرانا ہے۔

