کَیس لاہور کے زیر اہتمام اسلام آباد۔ڈھاکہ ری سیٹ کے موضوع پر گول میز مباحثہ، تعلیمی تعاون، تجارتی روابط، براہِ راست فضائی و بحری رابطوں اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
لاہور (الفجرآن لائن) سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (کَیس) لاہور نے 11 نومبر 2026 کو ’’اسلام آباد۔ڈھاکہ ری سیٹ: تجارت، ذرائع ابلاغ اور سفارت کاری کے ذریعے بیانیے کی نئی تشکیل‘‘ کے عنوان سے ایک گول میز مباحثے کا انعقاد کیا، جس میں ماہرینِ تعلیم، دانشوروں، پالیسی ماہرین اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ شخصیات نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کے مستقبل، باہمی تعاون کے امکانات اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
تقریب کا افتتاحی خطاب کَیس لاہور کے سینئر ریسرچ ایسوسی ایٹ ڈاکٹر حسام احمد صدیقی نے کیا۔ اس موقع پر امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کی کنٹری ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عالیہ سہیل خان نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کی تعمیرِ نو میں تعلیمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تعلیمی تبادلوں، طلبہ و اساتذہ کی نقل و حرکت، مشترکہ تحقیق اور ادارہ جاتی شراکت داری کے ذریعے پائیدار روابط قائم کر سکتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر عالیہ سہیل خان نے اس بات پر زور دیا کہ محض مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کے بجائے عملی اور باہمی مفاد پر مبنی تعلیمی منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے تعلیم اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی ضرورت بھی اجاگر کی تاکہ تعلیمی تعاون کو معاشی مواقع، ہنرمندی کے فروغ اور اداروں و عوام کے درمیان مضبوط تعلقات میں تبدیل کیا جا سکے۔
مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر راجہ عامر اقبال نے بنگلہ دیش کے بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے کے تناظر میں پاکستان کے لیے سفارتی اور معاشی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے، براہِ راست کارگو رابطوں کی بہتری، مشترکہ کاروباری منصوبوں اور بنگلہ دیش، چین اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
راجہ عامر اقبال نے کہا کہ غیر محصولاتی رکاوٹیں، ضابطہ جاتی پابندیاں، کسٹمز میں تاخیر اور لاجسٹک مسائل دوطرفہ تجارت کی راہ میں اہم چیلنجز ہیں۔ انہوں نے تجارتی سہولت کاری، نجی شعبے کی شمولیت، ذرائع ابلاغ کے درمیان تعاون اور ویزا نظام میں بہتری کو دونوں ممالک کے تعلقات آگے بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا۔
اختتامی کلمات میں کَیس لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رزاق نے کہا کہ بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو اپنے دوطرفہ تعلقات کی نئی بنیاد رکھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی تعاون، تجارتی سہولت کاری، بحری روابط، براہِ راست فضائی سروس اور نجی شعبے کی شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر شاہد رزاق کا کہنا تھا کہ ذمہ دارانہ صحافت، تعلیمی تبادلے، ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر مستقل رابطے ایک تعمیری بیانیے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق باہمی اعتماد پر مبنی تعاون دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری اور جنوبی ایشیا میں استحکام و خوشحالی کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ایک مکالماتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے مواقع اور درپیش چیلنجز پر اپنی آراء کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ تعاون کے فروغ، باہمی فہم میں اضافے اور پائیدار ادارہ جاتی روابط کے قیام کے لیے عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے علمی اور فکر انگیز مباحثے کے انعقاد پر کَیس لاہور کی کاوشوں کو سراہا۔

