نئی تحقیق میں قدیم چوہے کا وزن تقریباً 30 کلوگرام لگایا گیا ہے، دریافت سے جنوب مشرقی ایشیا میں دیوہیکل چوہوں کے ارتقائی سفر کے نئے شواہد سامنے آگئے۔
تھائی لینڈ (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے جنوبی علاقے میں ماہرینِ حیاتیات نے تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ سال قدیم ایک دیوہیکل چوہے کی نئی نوع کے فوسلز دریافت کیے ہیں، جسے سائنسی نام Yakamys sirindhornae دیا گیا ہے۔ یہ دریافت قدیم ممالیہ جانوروں کے ارتقائی سفر کے حوالے سے اہم قرار دی جا رہی ہے۔
تحقیق کے مطابق فوسلز تھائی لینڈ کے صوبے کرابی میں ایک کوئلے کی کان کے علاقے سے ملے، جن میں نچلے جبڑے کا ایک داڑھ اور ایک اگلا دانت شامل ہیں۔ سائنس دانوں نے دانتوں کی پیمائش اور مختلف سائنسی طریقوں کی مدد سے اس قدیم جانور کے جسمانی وزن کا اندازہ تقریباً 30 کلوگرام لگایا ہے۔
محققین کے مطابق یہ وزن اسی دور کے دیگر معلوم چوہوں کے مقابلے میں تقریباً دوگنا تھا۔ تاہم، چونکہ اب تک محدود فوسلز دریافت ہوئے ہیں، اس لیے جانور کے اصل حجم اور جسمانی ساخت کے بارے میں مزید شواہد درکار ہیں۔
یہ تحقیق اس تصور کو وسعت دیتی ہے کہ دیوہیکل چوہوں کا ارتقا صرف جنوبی امریکہ تک محدود نہیں تھا بلکہ جنوب مشرقی ایشیا بھی اس ارتقائی تاریخ میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

