دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی بڑی کامیابی ہے، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، معاون برائے داخلہ
کوئٹہ (الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ 3 نومبر سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا مظہر ہیں۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنانا اور وہاں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنا سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
معاون برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر ایک جامع حکمت عملی کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان کا امن اور قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے متحد ہیں۔

