3 نومبر سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، معاون اطلاعات بلوچستان
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 نومبر سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
شاہد رند نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کیا گیا جبکہ ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی بیخ کنی اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے۔
معاون اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک مؤثر قومی حکمت عملی ہے، جس کے تحت ریاستی ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
شاہد رند نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و استحکام کا قیام اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ پوری قوم کا مشترکہ قومی عزم ہے، جس کے حصول کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

