اختلافِ رائے کا احترام اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں، خواتین، بچوں اور کمزور طبقات کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ ہر شہری کی ذمہ داری ہے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا عالمی یومِ برداشت پر پیغام۔
اسلام آباد (الفجرآن لائن) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے عالمی یومِ برداشت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ برداشت، رواداری اور باہمی احترام ایک پُرامن، مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں۔ اختلافِ رائے کو برداشت کرنا اور دوسروں کے نقطۂ نظر کا احترام کرنا ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ عدم برداشت معاشرے میں تقسیم، نفرت اور دوریوں کو جنم دیتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں محبت، احترام اور رواداری کو فروغ دیں۔ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے قیام کے لیے برداشت پر مبنی رویوں کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے ساتھ عزت، احترام اور مساوی انسانی وقار کے مطابق برتاؤ کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے جہاں ہر فرد خود کو محفوظ اور قابلِ احترام محسوس کرے، ہمیں دوسروں کے حقوق اور احساسات کا خیال رکھنا ہوگا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید کہا کہ برداشت محض ایک سماجی رویہ نہیں بلکہ ایک مضبوط، پُرامن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کا بنیادی اصول ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے نئی نسل میں صبر، برداشت، رواداری اور دوسروں کے حقوق کے احترام کا شعور اجاگر کرنا بھی ضروری ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق معاشرتی ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ہر شہری کو اپنے کردار اور رویوں میں برداشت، احترام اور رواداری کو جگہ دینا ہوگی تاکہ ایک بہتر اور پُرامن معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔

