4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ای سی جی رپورٹس کا تجزیہ، اے آئی نے ایسے مریضوں کی نشاندہی کی جنہیں روایتی طبی طریقوں سے کم خطرے والا سمجھا جاسکتا تھا
امریکا: (الفجر آن لائن) طبی سائنس میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں محققین نے ایسا پوشیدہ طبی اشارہ دریافت کیا ہے جو دل کی اچانک بندش اور موت کے خطرے کی پیش گوئی میں مدد دے سکتا ہے۔
محققین نے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کو 4 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ الیکٹروکارڈیوگرام رپورٹس کے ذریعے تربیت دی۔ ان رپورٹس کا تعلق سویڈن کے مریضوں سے تھا، جن کا موازنہ طبی ریکارڈ اور اموات کی معلومات سے کیا گیا۔
تحقیق کے دوران اے آئی نظام نے دل کی برقی سرگرمی میں ایسے باریک پیٹرنز کی نشاندہی کی جو مستقبل میں اچانک دل کی موت کے زیادہ خطرے سے منسلک تھے۔
محققین کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے ایسے افراد کی بروقت شناخت ممکن ہوسکتی ہے جنہیں اضافی طبی نگرانی یا دیگر احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہو۔
تاہم اس ٹیکنالوجی کو معمول کے طبی نظام میں وسیع پیمانے پر استعمال کرنے سے پہلے مزید کلینیکل توثیق ضروری ہے۔

