سائنس دانوں نے ایسا غیر معمولی ستاروں کا نظام دریافت کرلیا جو ہر آٹھ منٹ بعد ریڈیو لہریں خارج کرتا ہے
آسٹریلیا(الفجر آن لائن) ماہرین فلکیات نے خلا میں ایک غیر معمولی ستاروں کا نظام دریافت کیا ہے جہاں ایک مردہ ستارہ ہر آٹھ منٹ بعد پراسرار ریڈیو سگنلز خارج کرتا ہے۔ یہ نظام زمین سے 5 ہزار نوری سال سے زیادہ فاصلے پر واقع ہے اور اس میں ایک سفید بونا ستارہ سورج سے مشابہ دوسرے ستارے کے گرد گردش کررہا ہے۔
محققین کے مطابق اس دریافت سے طویل وقفوں کے بعد ظاہر ہونے والے ریڈیو سگنلز کی نوعیت سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سائنس دانوں نے مختلف ریڈیو دوربینوں کی مدد سے اس نظام کا مشاہدہ کیا اور سفید بونے ستارے کی حرکت کا جائزہ لے کر سگنلز کے ممکنہ منبع کی نشاندہی کی۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت اس لیے اہم ہے کہ اس سے پہلے ایسے ریڈیو سگنلز زیادہ تر ان نظاموں میں دیکھے گئے تھے جہاں سفید بونا ستارہ کسی چھوٹے سرخ بونے ستارے کے ساتھ موجود ہوتا ہے۔ نئی تحقیق نے سورج سے مشابہ ستارے کے ساتھ ایسے نظام کی موجودگی کے شواہد فراہم کیے ہیں۔

