153ویں جی ڈی (پی)، 99ویں انجینئرنگ، 109ویں ایئر ڈیفنس اور 136ویں کامبیٹ سپورٹ کورسز کے کیڈٹس نے تربیت مکمل کرلی، سربراہ پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے کمانڈر کی خصوصی شرکت، ایف-16، جے ایف-17 اور جے-10 سی طیاروں کا شاندار فضائی مظاہرہ
رسالپور (الفجر آن لائن) پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں 153ویں جی ڈی (پی)، 99ویں انجینئرنگ، 109ویں ایئر ڈیفنس (چارلی و ڈیلٹا) اور 136ویں کامبیٹ سپورٹ کورسز کی گریجویشن تقریب نہایت پروقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 108 کیڈٹس نے اپنے پیشہ ورانہ تربیتی مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف تھے، جبکہ ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دالکران نے بھی خصوصی شرکت کی۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی تقریب میں موجود تھے۔
مہمانِ خصوصی کی آمد پر ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے گریجویشن مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور ان کی شاندار پریڈ، مثالی نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت کو سراہا۔ انہوں نے ترک فضائیہ کے کمانڈر کی شرکت کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
سربراہ پاک بحریہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 78 برس قبل پی اے ایف اکیڈمی کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے مضبوط اور مؤثر فضائیہ کے قیام سے متعلق ان کے وژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے قائداعظمؒ کے تاریخی الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک کے پاس مضبوط فضائیہ نہ ہو، وہ کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے اپنی تاریخ کے ہر دور میں اس نظریے کو مشعلِ راہ بنائے رکھا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ’’سیکنڈ ٹو نن‘‘ کے عزم کو ثابت کیا ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے معرکۂ حق، مئی 2025 کا حوالہ دیتے ہوئے پاک فضائیہ کی غیر معمولی آپریشنل صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مقامی ٹیکنالوجی اور دفاعی خود انحصاری کی بنیاد پر پیچیدہ اور کثیرالجہتی آپریشنز کی کامیاب انجام دہی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب دشمن اپنے بہترین طیاروں اور بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ آیا، تاہم سورج طلوع ہونے تک اس کے دعوے ناکام ہوچکے تھے۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی اس کامیابی کو ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بصیرت افروز قیادت اور مؤثر کمانڈ کا نتیجہ قرار دیا۔ مقامی سطح پر تیار کردہ کِل چین کو پاک فضائیہ کی جدیدکاری، تکنیکی ترقی اور دفاعی خود انحصاری کے وژن کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل کی فضائی جنگ میں مقامی ٹیکنالوجی اور مربوط آپریشنل صلاحیتیں فیصلہ کن اہمیت رکھتی ہیں۔
سربراہ پاک بحریہ نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنل ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں افواج کے درمیان اشتراکِ عمل ایک مضبوط اور دیرینہ روایت ہے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کی جدیدکاری کے جاری عمل کا ذکر کرتے ہوئے جدید جنگی جہازوں، ہنگور کلاس آبدوزوں، مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور بغیر پائلٹ نظاموں کی شمولیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں مختلف اعزازات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ چیف آف دی ڈیفنس فورسز ٹرافی برائے مجموعی بہترین کارکردگی (جنرل سروس ٹریننگ) ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر محمد ابراہیم حسن نے حاصل کی۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی برائے مجموعی بہترین کارکردگی (انجینئرنگ کورس) ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ محمد انیق کے حصے میں آئی۔ انہوں نے کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر بھی حاصل کی اور دوہرا اعزاز اپنے نام کیا۔
ایئر مارشل اصغر خان ٹرافی برائے مجموعی بہترین کارکردگی (کامبیٹ سپورٹ کورس) ایوی ایشن کیڈٹ سائقہ بی بی کو دی گئی، جبکہ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر سید محمد بخاری نے حاصل کی۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری قیادت، سینئر فوجی حکام، معزز مہمانوں اور گریجویشن مکمل کرنے والے کیڈٹس کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا اختتام پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں ایف-16، جے ایف-17 تھنڈر اور جے-10 سی کے شاندار فضائی مظاہرے سے ہوا، جس کے بعد پاک فضائیہ کی شیر دلز ٹیم نے شاندار فارمیشن اور انفرادی ایروبیٹک مظاہرے پیش کیے۔ ان مظاہروں نے پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور تربیتی معیار کو اجاگر کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ تقریب پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید دفاعی صلاحیتوں اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط اشتراکِ عمل کی عکاس تھی۔

