بھتہ خوری، اسمگلنگ، منشیات اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت، محکمہ داخلہ ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے، قلعہ عبداللہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جامع اقدامات کی منظوری
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ سے جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے خاتمے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں متعلقہ ڈویژن کے کمشنر، ڈی آئی جی اور ڈپٹی کمشنرز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور پائیدار امن کے قیام کے لیے جامع اقدامات کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ بھتہ خوری، اسمگلنگ، منشیات فروشی اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور قلعہ عبداللہ کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں اپنا کردار ادا کریں۔
میر سرفراز بگٹی نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری اور مجوزہ کارروائیوں سے متعلق ایک ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قلعہ عبداللہ میں پائیدار امن کے قیام، جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

