تربیت حاصل کرنے والوں میں چار خواتین بھی شامل، نوجوان انجینئرز نے عالمی معیار کی تکنیکی مہارتیں حاصل کرلیں، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے ریکوڈک مائننگ کمپنی کے گریجویٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے بیچ کے شرکاء کی ملاقات
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان کے 18 نوجوان انجینئرز نے ارجنٹائن اور زیمبیا میں بین الاقوامی سطح کی تکنیکی تربیت کامیابی سے مکمل کرلی، تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ نوجوان انجینئرز نے ارجنٹائن کی ویلاڈیرو مائن اور زیمبیا کی لوموانا مائن میں عالمی معیار کی تکنیکی تربیت حاصل کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ریکوڈک مائننگ کمپنی کے انٹرنیشنل گریجویٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے بیچ کے شرکاء نے ملاقات کی۔ اس موقع پر حکام نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے مختلف مراحل اور نوجوان انجینئرز کے انتخاب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق ان 18 نوجوان انجینئرز کا انتخاب 2024 میں بلوچستان بھر سے موصول ہونے والی 3 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ پروگرام کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تکنیکی مہارتیں اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے جدید مہارتوں، پیشہ ورانہ ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بن رہا ہے۔ نوجوان انجینئرز کی بین الاقوامی سطح پر کامیابی بلوچستان کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنا صوبے کی طویل المدتی معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ریکوڈک منصوبے کی ترقی میں مقامی نوجوان انجینئرز اہم کردار ادا کریں گے، کیونکہ باصلاحیت نوجوان بلوچستان کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب مواقع اور جدید تربیت فراہم کی جائے۔ بڑے ترقیاتی اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کے ثمرات میں مقامی نوجوانوں کی شمولیت خوش آئند ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے ریکوڈک مائننگ کمپنی اور بیرک کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر ریکوڈک مائننگ کمپنی کے کنٹری مینیجر ضرار جمالی نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کی پائیدار ترقی مقامی آبادی اور افرادی قوت کی ترقی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں چاغی، کوئٹہ، گوادر، پنجگور، خضدار، لورالائی، نوشکی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ اور ژوب سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل ہیں۔

