آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، بلوچستان میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ
راولپنڈی (الفجر آن لائن) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربت پہنچنے پر کور کمانڈر بلوچستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ انہیں صوبے کے عوام کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بھرپور تیاری اور مادر وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران بلوچستان میں سکیورٹی اقدامات اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔

