بچوں کو معیاری تعلیم، صحت، غذائیت اور محفوظ ماحول کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، غربت کے باعث کوئی بچہ بنیادی حقوق سے محروم نہیں رہنا چاہیے، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بچوں کے عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد (الفجر آن لائن) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن بچوں کے حقوق، تحفظ اور روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور اس کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت، غذائیت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ بچوں کو غربت، غذائی قلت، تشدد اور ہر قسم کے استحصال سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر سرمایہ کاری درحقیقت ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ بچوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کے ذریعے بچوں کی تعلیم، صحت اور بہتر پرورش میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بے نظیر تعلیمی وظائف کا بنیادی مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر بچے کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں اور کوئی بچہ غربت یا محرومی کے باعث اپنے بنیادی حقوق سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر یہ یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی بچہ غربت کی وجہ سے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم نہ رہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک مہذب، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے، لہٰذا بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم اور محفوظ مستقبل کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

