جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے اور کرایہ داروں کو دھمکانے کا الزام، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری
لاہور (الفجر آن لائن) پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ طور پر قبضے کی کوشش اور دھمکیاں دینے کے الزام میں لاہور پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملت پارک پولیس نے گلوکارہ شازیہ منظور کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کی اور نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے گلوکارہ شازیہ منظور سے جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے کی کوشش کی، جبکہ متنازع جائیداد پر پہنچ کر وہاں موجود کرایہ داروں کو بھی مبینہ طور پر دھمکیاں دیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واقعے کے حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا اور شہریوں کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

