حوثی ملیشیا کے حملے میں عمارت کی متعدد منزلیں متاثر، قطر اور کویت کی مذمت، خلیج تعاون کونسل کا حوثیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ
ریاض (الفجر آن لائن) سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کاروباری مرکز میں واقع بلند ترین ٹاور حوثی ملیشیا کے حملے سے متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کی متعدد منزلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے میں متاثر ہونے والی عمارت میں سعودی نیشنل کیپیٹل فنڈ بھی قائم ہے۔ واقعے کے بعد عمارت کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
اس سے چند گھنٹے قبل سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا تھا کہ ریاض میں ہونے والا نقصان ایک میزائل کے ملبے کے گرنے کے باعث ہوا، جبکہ عینی شاہدین نے بھی ٹاور کو پہنچنے والے نقصان کی اطلاع دی تھی۔
دوسری جانب قطر کی وزارت خارجہ نے ریاض کے شاہ عبداللہ کمرشل زون کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ کویت نے بھی اس حملے کو سعودی عرب کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البداوی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی برادری کو حوثی ملیشیا کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
واقعے کے بعد خلیجی ممالک کی جانب سے سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

