13 وفاقی وزارتوں کے ماتحت 100 سے زائد محکموں میں بھرتیوں کا عمل آج سے شروع ہوگا، میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں
اسلام آباد (الفجر آن لائن) بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اہم اقدام کرتے ہوئے 13 وفاقی وزارتوں کے ماتحت 100 سے زائد محکموں میں 5 ہزار ملازمتوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو مرحلہ وار روزگار فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے شروع کیے جانے والے اس منصوبے کے تحت وفاقی وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جبکہ بھرتیوں کا باقاعدہ عمل آج (ہفتہ) سے شروع ہوگا۔
منصوبے کے تحت بھرتیوں کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ کے مطابق یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لیے 100 سے زائد وفاقی کمیٹی ممبران اور متعلقہ حکام کو نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹیوں کے ارکان بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور مقامی سطح پر بھرتیوں کے عمل میں حصہ لیتے ہوئے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔
پانچ ہزار ملازمتوں کے اس منصوبے کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو مختلف وفاقی وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ بھرتیوں کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق نوجوان اس منصوبے سے مستفید ہوسکیں۔
وفاقی محکموں میں ملازمتوں کے ان مواقع کے اعلان سے بلوچستان کے نوجوانوں میں امید کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ اس اقدام کو صوبے میں بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے اور نوجوانوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

