عدالت نے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی، مقتولہ کے اہل خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی
راولپنڈی (الفجر آن لائن) سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں نامزد ملزم احسن طاہر کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق ملزم کی رہائی کی روبکار جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرکے اسے رہا کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ملزم احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم ضروری دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث گزشتہ روز ملزم کی رہائی ممکن نہیں ہوسکی تھی۔
کیس میں اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی تھی جب مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر کو معاف کر دیا تھا۔ مقتولہ کی بہن، والدہ اور مقدمے کے مدعی خرم احمد نے عدالت میں اس حوالے سے حلف نامے بھی جمع کرائے تھے۔
واضح رہے کہ سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن مبینہ طور پر اپنے شوہر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی تھیں، جس کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا۔

