ڈی جی پی آر عسکر خان نے محکمانہ خدمات اور پیشہ ورانہ رہنمائی کو سراہا، یادگاری تحفہ اور شیلڈ پیش کی گئی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) محکمہ تعلقاتِ عامہ بلوچستان کے زیر اہتمام سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان کے تبادلے کے موقع پر ان کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ عسکر خان، ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ سعید احمد شاہوانی سمیت محکمہ کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سیکرٹری اطلاعات عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ عسکر خان کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، جس میں محکمہ کی مجموعی کارکردگی، باہمی تعاون، سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی اور شعبہ اطلاعات و ابلاغِ عامہ کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ عسکر خان نے سیکرٹری اطلاعات عمران خان کی محکمانہ خدمات، پیشہ ورانہ رہنمائی، انتظامی معاونت اور محکمہ کے امور میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور رہنمائی میں محکمہ نے مختلف اہم امور میں پیش رفت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران باہمی اعتماد، ٹیم ورک اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کسی بھی محکمے کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے بھی محکمہ تعلقاتِ عامہ کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ خدمات، محنت اور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی مؤثر کارکردگی کے لیے باہمی رابطہ کاری، ذمہ داری اور ٹیم ورک بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ عسکر خان نے سیکرٹری اطلاعات عمران خان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری تحفہ اور شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر ان کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی، ترقی اور مزید کامرانیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

