صوبے کی تقریباً 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، انہیں تعلیم، کھیل اور دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، مشیر کھیل و امورِ نوجوانان
کوئٹہ (الفجر آن لائن) مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ اور معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، جن میں بے پناہ صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے۔ نوجوان اپنی محنت، قابلیت اور عزم کے ذریعے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
یونیورسٹی لا کالج کے سیشن 2022-2026 کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مایوسی کے بجائے امید، حوصلے اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ اور ملک کا مستقبل ہیں، انہیں اپنی تعلیم، صلاحیتوں اور کردار کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے وطن پاکستان سے محبت کریں، اپنی قومی شناخت پر فخر کریں اور کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے، گمراہ کن بیانیے یا دشمن کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے دعوؤں اور گمراہ کن معلومات کے بجائے تحقیق، شعور اور حقائق کو اہمیت دینی چاہیے، کیونکہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہیں۔
مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی تقریباً 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو صوبے اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت فراہم کرنا اور انہیں آگے بڑھنے کے مناسب مواقع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان تعلیم، کھیل، قانون، تحقیق اور زندگی کے دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی پیشہ ورانہ و تعلیمی ترقی کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کو اپنا شعار بنائیں گے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

