چاغی کے علاقے ڈھڈر میں تفتان سے دالبندین جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ایک اور واقعے میں ٹرک نذرِ آتش، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا
دالبندین (الفجر آن لائن) بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک ایران شاہراہ پر ڈھڈر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے مال بردار گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ اسی علاقے میں پیش آنے والے ایک دوسرے واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ٹرک کو آگ لگا کر نذرِ آتش کردیا۔
پولیس انتظامیہ کے مطابق مال بردار گاڑی چار افراد کو لے کر تفتان سے دالبندین کی جانب آرہی تھی کہ ڈھڈر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق جبکہ گاڑی میں سوار تین دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
دریں اثنا، ایک اور واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ٹرک کو روک کر آگ لگا دی، جس سے گاڑی نذرِ آتش ہوگئی۔ پولیس انتظامیہ کے مطابق دونوں گاڑیاں تفتان سے دالبندین کی جانب بغیر کسی سیکیورٹی کانوائے کے سفر کر رہی تھیں۔
واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

