تفتان سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو این-40 شاہراہ پر نشانہ بنایا گیا، زخمیوں میں 14 سالہ بچہ بھی شامل، دہشت گردوں نے مال بردار ٹرک روک کر آگ لگا دی
دالبندین (الفجر آن لائن) بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں دہشت گردوں نے قومی شاہراہ این-40 پر مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہوگئے، جبکہ دہشت گردوں نے تفتان سے کوئٹہ جانے والے ایک مال بردار ٹرک کو روک کر آگ لگا دی۔ واقعہ 22 نومبر کو پیش آیا، فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 14 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے دالبندین کے مقام پر این-40 شاہراہ پر تفتان سے کوئٹہ جانے والے ٹرک کو روک کر نذرِ آتش کیا، جبکہ اسی دوران مسافر بس پر فائرنگ کی گئی۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت نوشکی کے رہائشی 63 سالہ عبید اللہ، کوئٹہ کے 38 سالہ وحید، 14 سالہ فلک علی اور 34 سالہ محسن کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں اپنے عزائم میں ناکامی کے بعد دہشت گرد عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ مسافر بس پر فائرنگ اور مال بردار ٹرک کو نذرِ آتش کرنے جیسے واقعات شہریوں کی زندگیوں اور معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا اور ان کے روزگار کے ذرائع تباہ کرنا انسانیت دشمن طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔ ایسے واقعات سے نہ صرف عام مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑتی ہیں بلکہ بلوچستان میں تجارت، آمدورفت اور معاشی ترقی کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔
بیان کے مطابق بلوچستان کے عوام امن، معاشی استحکام اور ترقی کے خواہاں ہیں، جبکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات صوبے کے امن اور عوام کے روشن معاشی مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

