تھانہ ہوید کی حدود میں گلبدین لینڈیڈاک کے مقام پر واقعہ پیش آیا، جرگے میں امن کمیٹی کے ارکان اور مقامی عمائدین شریک تھے، حملے کے بعد فائرنگ بھی شروع ہوگئی
بنوں (الفجر آن لائن) خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں قیامِ امن کے لیے منعقدہ جرگے کو تین کواڈ کاپٹروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں فائرنگ بھی شروع ہوگئی، جس سے صورتِ حال مزید کشیدہ ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ تھانہ ہوید کی حدود میں واقع گلبدین لینڈیڈاک کے مقام پر پیش آیا، جہاں امن و امان کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے لیے امن کمیٹی کے ارکان اور مقامی عمائدین جرگے میں شریک تھے۔
پولیس کے مطابق جرگہ خیبی ملک کی قیادت میں جاری تھا کہ اس دوران تین کواڈ کاپٹروں کے ذریعے حملے کیے گئے۔ حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کیے جانے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتِ حال کشیدہ ہے، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

