کھیر میں زہریلی گولیاں ملانے کا الزام، ایف آئی آر کے مطابق 22 اکتوبر کو خاندان کے 6 افراد کی طبیعت بگڑی تھی، پولیس کی مزید تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری
لاہور (الفجر آن لائن) پنجاب کے علاقے چونیاں میں مبینہ طور پر زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، واقعے کا مقدمہ قاسم علی کی بیٹی سمیت چار افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں قاسم علی، ان کی اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔ درج مقدمے میں قاسم علی کی بیٹی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے کھیر میں زہریلی گولیاں ملائیں، جس کے باعث خاندان کے افراد کی طبیعت خراب ہوئی۔
ایف آئی آر کے مطابق 22 اکتوبر کو زہریلی کھیر کھانے کے بعد خاندان کے چھ افراد کی طبیعت بگڑ گئی تھی، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان میں سے پانچ افراد جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے سے متعلق الزامات کی حتمی تصدیق تفتیش اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگی۔

