کانسٹیبل محمد ارباب پمز اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے سدھنوتی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری
اسلام آباد (الفجر آن لائن) آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری میں گزشتہ رات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل محمد ارباب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ انہیں تشویشناک حالت میں اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات پلندری کے علاقے گلی جھنڈا بگلا بازار میں پیش آیا، جہاں پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے میں کانسٹیبل محمد ارباب اور کانسٹیبل ذاکر حسین شاہ زخمی ہوئے تھے۔
کانسٹیبل محمد ارباب کی شہادت کے بعد واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سدھنوتی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے، جبکہ زخمی کانسٹیبل ذاکر حسین شاہ کو بھی واقعے کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی۔

